ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دیوے گوڑا اور راہل گاندھی کی دوراندیش سیاسی حکمت عملی بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کانگریس۔ جنتادل (ایس) مستقل اتحاد کا منصوبہ تیار

دیوے گوڑا اور راہل گاندھی کی دوراندیش سیاسی حکمت عملی بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کانگریس۔ جنتادل (ایس) مستقل اتحاد کا منصوبہ تیار

Mon, 11 Mar 2019 10:59:50    S.O. News Service

بنگلورو،11؍مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک میں کانگریس ۔ جنتادل (ایس) مخلوط حکومت اور دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد کو مستقل طور پر برقرار رکھنے کے لئے اے آئی سی سی صدر راہل گاندھی اور جنتادل (ایس) کے قومی صدر، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔اطلاع کے مطابق دیوے گوڑا نے مرکز اور ریاست میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کا کانگریس اور جنتادل (ایس) کے درمیان اتحاد کو مستقل طور پر برقرار رکھنے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گوڈا نے اشارہ دیا ہے کہ نہ صرف آنے والے پارلیمانی انتخابات بلکہ آنے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھی اتحاد کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔ دیوے گوڈا اس منصوبہ کو راہل گاندھی کی مکمل حمایت کے امکانات ہیں ،کیونکہ بی جے پی رہنما کرناٹک کو جنوبی ہند میں بی جے پی کا باب الداخلہ مانتے ہیں اور اگر یہاں بی جے پی کو کمزور کیا جائے تو جنوبی ہند میں بی جے پی کی جڑوں کو کمزور کیا جاسکتا ہے۔ سیاسی حلقوں اور ماہرین کے مطابق اگر دیوے گوڈا کے منصوبہ پر عمل کیا گیا توریاست میں مزید کئی میعاد تک بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھا جاسکتا ہے۔ جنتادل (ایس) کو 30تا 40 نشستیں بھی حاصل ہوں تو کانگریس کے ساتھ اتحاد کر کے حکومت قائم کی جاسکتی ہے۔اس کے علاوہ 2019 کے پارلیمانی انتخابات کے علاوہ 2023 میں بھی اتحاد قائم کر کے ریاست کے 28 پارلیمانی حلقوں میں سے بی جے پی کو 8تا 10 پر محدود کیا جاسکتا ہے۔ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے جنتادل (ایس) کو ابھی ممکنہ نشستوں کی تعداد کا علم نہیں ہوا ہے تاہم 8تا 10 سیٹوں پر بھی جنتادل (ایس) مطمئن ہوسکتی ہے۔ دیوے گوڈا کے منصوبہ کے مطابق جنتادل ( ایس) کے لئے اتحاد فائدہ مند ثابت ہوگا۔ تاہم دیوے گوڑا کی اس دور اندیش پالیسی سے ریاست کے چند کانگریس قائدین غیر مطمئن نظر آتے ہیں، کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ہمیشہ جنتادل (ایس) کوبرداشت کریں۔ لیکن اے آئی سی سی صدر راہل گاندھی کی جانب سے دیوے گوڑا کی دور اندیشی کو سراہتے ہوئے اس منصوبہ پر عمل کرنے کے پورے امکانات نظر آرہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ریاستی کانگریس قائدین راہل گاندھی اور پارٹی ہائی کمان کے ساتھ طویل مشورہ کرتے ہوئے حتمی فیصلہ لیں گے۔ کانگریس ذرائع کے مطابق دیوے گوڈا اورراہل گاندھی کے اس دوراندیش انتخابی اتحاد کو سابق وزیر اعلیٰ وریاستی مخلوط حکومت کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیرمین سدارامیا اور وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی بھی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ سیاسی مبصرین بھی اس منصوبہ کا خیر مقدم کرسکتے ہیں کیونکہ اس سے فرقہ پرست بی جے پی کونہ صرف کرناٹک بلکہ قومی سطح پر اقتدار سے دور رکھنے کے لئے راہ ہموار ہوگی اور موجودہ صورتحال میں ملک میں سکیولر حکمرانی بے حد ضروری ہے۔


Share: